شائع 29 نومبر 2016 11:15am

نئے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی

راولپنڈی :نئے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے باضابطہ طورپرپاک فوج کی کمان سنبھال لی،سبزہلالی پرچم تھامے آرمی کے تینوں ریجمنٹس نے آرمی چیف کو سلامی پیش کی۔

جنرلز ہیڈ کواٹرز راولپنڈی کے آرمی ہاکی گراؤنڈ میں فوج کے کمان کی تقریب ہوئی۔جس میں شرکت کے لیے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ تشریف لائے۔

تقریب کےمہمان خصوصی جنرل راحیل شریف اورآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سلامی کے چبوترے پرآئے، جس کے بعد تلاوت کلام پاک کی گئی۔

پاک آرمی کے ملٹری ڈرمرزنے دونوں افسران کے سامنے ڈرم سولو کا مظاہرہ کیا۔سلامی کے چبوترے کے سامنے آرمی کمانڈ اسٹک لائی گئی۔

علم برداردستے نے سلامی کے چبوترے کے سامنے جگہ لی اورسابق سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے باضابطہ طورپرکمان اسٹک آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے سپرد کی۔

اس طرح جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے سولہویں سپہ سالار کے طور پر فوج کی باگ دوڑ سنبھال لی۔

چھڑی کی حوالگی کے بعد جنرل راحیل شریف اور ہلال امتیاز جنرل قمرجاوید باجوہ نے ایک دوسرے کو سیلیوٹ کیا۔سبزہلالی پرچم تھامے آرمی کے تینوں ریجمنٹس نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو سلامی پیش کی۔

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے مصافحہ کیا۔ جس کے بعد آرمی چیف جنرل قمرباجوہ لوگوں میں گُھل مل گئے۔

Read Comments