عامر خان کی اہلیہ کرن راو کے زیورات لوٹ لیے گئے
ممبئی :بولی وڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے پہچانے جانے والے عامر خان کی اہلیہ کرن راو کے فلیٹ پر ڈکیتی پڑ گئی، پچاس لاکھ روپے مالیت کے زیورات لوٹ لیے گئے ۔
بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق عامر خان اپنی اہلیہ کے ساتھ کارٹر روڈ پر واقع اپنی رہائش گاہ میں قیام پذیر ہیں تاہم ان کی اہلیہ کرن راو کا ایک ذاتی فلیٹ باندرا میں بھی واقع ہے اور وہاں پر راو کے فلیٹ میں رکھے گئے زیورات لوٹ لیے گئے ہیں۔ زیورات کی مالیت پچاس لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر عامر خان کی اہلیہ کے رشتے داروں نے تھانے میں درج کروادی ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جیسے ہی کرن راو کو اپنی انگوٹھی اور ہیرے کے ہار کی عدم موجودگی کا اندازہ ہوا، تو انہوں نے فوری طور پر اپنے رشتے داروں کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ڈکیتی گزشتہ ہفتے میں کسی دن کی گئی ہے لیکن میڈیا نے ابھی اس واقعے کا نوٹس لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر چوری میں گھریلو ملازمین پر شک کیا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ملازمین سے تفتیش بھی کی جارہی ہے۔ زیر تفتیش ملازمین میں فرزانہ، جھمکی اور کرن راو کی اسسٹنٹ سوزان شامل ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پولیس نے زیر تفتیش افراد کے گھر پر چھاپہ مارکر تلاشی بھی لے لی ہے تاہم وہ وہاں سے چوری شدہ زیورات یا کوئی سراغ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ واقعے کے بعد کرن راو اور عامر خان نے اس حوالے سے چپ سادھ رکھی ہے اور کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
Courtesy: bollywoodlife.com