شائع 13 دسمبر 2016 03:12pm

پاکستانی فنکاروں کو فلم میں نہ لینے پر شاہ رخ مجبور

ممبئی : فلم 'اے دل ہے مشکل' کی طرح ماہرہ خان کی فلم 'رئیس' کی ریلیز پر بھی دہشت کے سائے منڈلاتے منڈلاتے رہ گئے۔ شاہ رخ خان نے بال ٹھاکرے سے ملاقات کی اور آئندہ فلم میں پاکستانی اداکاروں کو نہ لینے کی یقین دہانی بھی کرادی ہے ۔

بولی وڈ کے بادشاہ کیلئے 'رئیس' بننا مشکل ہوگیا، شاہ رخ خان نے بھی انتہا پسندی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔

فلم 'رئیس' کی ریلیز سے پہلے راج ٹھاکرے سے ملاقات کی، تحفظات دور کیے اور آئندہ پاکستانی فنکاروں کو فلم میں نہ لینے کی یقین دہانی بھی کرادی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اتوار کی شام راج ٹھاکرے سے ملاقات میں فلم کی پروموشن کیلئے ماہرہ خان کے بھارت آنے کی خبروں پر صفائیاں بھی دیں۔

دوسری طرف شیو سینا نے مودی جی کو اچھوتا مشورہ دے دیا۔ ہندو انتہا پسند جماعت کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بال ٹھاکرے سے متاثر تھے۔  وزیراعظم نریندر مودی ڈونلڈ ٹرمپ سے کچھ سیکھیں، ٹرمپ کی طرح اعلان کریں کہ بھارت میں صرف بھارتیوں کو ہی نوکری ملے گی۔

شیو سینا نے مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری اور ٹی وی میں بھی پاکستانی فنکاروں یا پاکستانی ٹیکنیشنز کو کام نہیں دیا جائے اور جو ایسا کرے گا وہ بھارت کا دشمن کہلائے گا۔

Read Comments