پاکستان کے معروف مذہبی اسکالرجنید جمشید کی طیارہ حادثے میں حادثاتی موت نے جہاں تمام پاکستانیوں کو غمزدہ کیا وہیں بولی وڈ بھی غم سے نڈھال ہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عامر خان نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جنید کی موت کا بیحد دکھ ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران عامر کا کہنا تھا کہ "جیسے ہی میں نے سنا طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں جنید بھی موجود تھے مجھے بہت دکھ ہوا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ حج کے دوران ان کی ملاقات جنید جمشید سے ہوئی تھی ،(اس وقت عامر کی والدہ بھی ان کے ساتھ موجود تھیں)حج کے علاوہ بھی ان سے کئی بار ملاقات ہوچکی تھی ،ہر بار میں نے انہیں ایک بہترین اور نیک انسان پایا۔"
میں ان کیلئے بہت برا محسوس کررہاہوں اور بہت دکھی ہوں ۔
واضح رہے کہ "دل دل پاکستان"سے شہرت حاصل کرنے والے جنید جمشید ہر پاکستانی کے دل میں بستے تھے۔
سات دسمبر 2016 کو چترال سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز حویلیاں کے مقام پر گر کر تباہ ہوگئی ،اس فلائٹ میں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ سمیت طیارے میں موجود 40 سے زائد لوگوں کی موت واقع ہو گئی۔
خیال رہے کہ عامر خان سے قبل اداکار رشی کپوراور صوفی چوہدری بھی جنید جمشید کی موت پر اظہار افسوس کرچکے ہیں۔