بولی وڈ میں اپنے ڈانس اور کامیڈی کی وجہ سے شہرت رکھنے والے گووندا نئی کامیڈی تھرلر فلم'آگیا ہیرو' سے انڈسٹری میں واپس قدم رکھ رہے ہیں۔جس میں ان کا کردار ایک پولیس والے کا ہے۔گووندا آخری بار کِل دل اور ہیپی اینڈنگ میں مہمان اداکار کے طور پر نظر آئے تھے ۔
ایک انٹرویو میں گووندا نے بتایا کہ وہ اس طرح کی فلمیں کیوں کرتے ہیں۔
گووندا نے اپنے فلم میں کام کرنے کے متعلق بتایا کہ میرا خیال ہمیشہ سے یہی ہے کہ میں اپنی فیملی کو سہارا دینے کیلئے کام کروں۔ میں نے موویز کبھی پلین نہیں کیں، کبھی نیشنل ایوارڈ جیتنے کیلئے موضوع کو نہیں چنا۔ میں نے وہ فلمیں کیں جنہوں نے لوگوں کو خوش کیا۔ کبھی کبھار آپ کو لوگوں کو خوش کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کی قربانی دینی پڑتی ہے۔ میں نے جب بھی بڑے ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کیا وہ زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں، لیکن جو کام بغیر کسی امید کے کیا وہ زبردست کامیاب رہا۔
انڈسٹری میں اپنی واپسی کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے واپسی کا فیصلہ کیا تو وہ مجھے اپنے نام کی بدولت کرناتھا، میں لوگوں کو مایوس نہیں کرنا چاہتا تھا۔ لوگوں نے کِل دل اور ہیپی اینڈنگ میں پرفارمنس کو سراہا ہے لیکن میں بمشکل ان فلموں میں تھا۔ کبھی کبھار آپ کی کاوشیں ناظرین تک نہیں پہنچ پاتی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ میری آنے والی فلم ان لوگوں کو مطمئن کرے گی جو گووندا کی فلم دیکھنے آئیں گے۔
بشکریہ ٹائمز آف انڈیا