ممبئی:بولی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت گزشتہ کافی عرصے سے جیل میں بند تھے لیکن اب ان کے مداحوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ انہیں اگلے ماہ فروری میں رہا کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سنجے دت کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی وہ پونے کی یروڈا جیل میں اپنی قید کی مدت پوری کر رہے تھے تاہم جیل انتظامیہ نے اچھے برتاﺅ کے باعث ان کی سزا میں کمی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی رہائی کی حکم جاری کیا ہے،ریاستی وزیر داخلہ نے ان کے رہائی کے آرڈر پر دستخط بھی کردئے ہیں۔
واضح رہے کہ سنجے دت کو مارچ انیس سو ترانوے کے ممبئی بم حملوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھاجس میں دوسو پچاس افراد ہلاک اور سات سو لوگ زخمی ہوئے تھے ۔
خیال رہے کہ سنجے دت نے انیس سو چھیانوے میں اسی کیس میں اٹھارہ ماہ جیل میں گزارے اس کے بعد وہ ضمانت پر رہا ہوگئے لیکن دوہزار تیرہ میں دوبارہ ان کی گرفتاری عمل میں آئی اور باقی رہ جانے والی بیالیس ماہ کی سزا پوری کرنے کے لئے انہیں جیل بھیج کردیا گیا تھا۔
تاہم اب وہ ستائیس فروری کو جیل سے رہا ہورہے ہیں اس خبر پر ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔