شائع 31 دسمبر 2016 07:28am

عامر خان نے ایک بار پھر بازی لے گئے

عامر خان نے فلم 'دنگل' سے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ واقعی 'مسٹر پرفیکشنسٹ' ہیں۔ فلم نے ایک ہی ہفتے میں 200 کروڑ کا ہندسہ پار کر لیا ہے۔

انڈسٹری کے اند اور باہر لوگوں نے عامر کی تعریفوں کے پل باندھنے شروع کر دیے۔ ان لوگوں میں فلمساز رام گوپال ورما بھی شامل تھے جو فلم 'شعلے' کو 'آگ' لگانے کے بعد آج کل فلموں سے فری اور سوشل میڈیا پر بہت مصروف ہیں اور اکثر مختلف موضوعات پر اپنی قیمتی رائے سے لوگوں کو فیض پہنچانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

اب وہ 'دنگل' کی زبردست کامیابی پر کیسے خاموش رہ سکتے تھے۔ رامو جی نے 'دنگل' کی تعریف کرتے ہوئے عامر خان کے پیر چھونے کی خواہش ظاہر کی۔ خیال رہے کہ یہ وہی عامر ہیں جن کے ساتھ رامو کام نہ کرنے کی قسم کھا چکے تھے۔

بہرحال تعریف تک تو ٹھیک تھا اب رامو نے انتہائی بھونڈے انداز میں دوسرے خانوں کا مذاق اڑانے کی کوشش بھی کی۔ خانوں کا تو پتہ نہیں ہاں سوشل میڈیا پر اب رام گوپال ورما ضرور مذاق کا موضوع بن گئے ہیں۔

خانوں سے یاد آیا کے سلمان خان نے اسی ہفتے اپنی 51ویں سالگرہ منائی اور اپنے تمام دوستوں کو مدعو بھی کیا۔ یوں تو انڈسٹری میں سلمان کے دوستوں کی کمی نہیں لیکن کچھ دوست ان کے لیے خاص ہیں اور گووندا بھی اسی فہرست میں آتے ہیں۔

حالانکہ ایسی خبریں تھیں کہ گووندا سلمان سے کچھ ناراض تھے۔ لیکن سلمان نے ان کی آنے والی فلم 'آگیا ہیرو' کے ٹریلر کی تعریف کرتے ہوئے لکھا 'آگیا میرا ہیرو میرا پارٹنر' جس پر 53 سالہ گووندا نے بھی اپنی اور سلمان کی ایک پرانی تصویر کے ساتھ شکریہ ادا کیا۔

گووندا اور سلمان کی فلم 'پارٹنر' ان کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہے۔ سنہ 1986 میں فلم 'الزام' سے ڈیبیو کرنے والے گوندا کو انڈسٹری میں 30 سال ہو گئے۔ اب اس فلم کے رائٹر، پروڈیوسراور ایکٹرسب گووندا ہی ہیں۔ چلیں دیکھتے ہیں کہ یہ ون مین شو کیسا رہے گا؟

اس ہفتے ایک بار پھرانوشکا شرما اور ویرات کوہلی میڈیا میں سرخیاں بٹورتے نظر آئے اور ہر طرف ان کی منگنی کی خبریں دکھائی دیں۔ پہلے دونوں کے بریک اپ کی باتیں ہو رہی تھیں۔

لیکن بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کوہلی نے ٹویٹ کر کے واضح کر دیا ہے کہ وہ اور انوشکا شرما منگنی نہیں کر رہے ہیں۔

'انھوں نے ٹویٹ کیا: 'ہم منگنی نہیں کر رہے ہیں اور اگر کرتے تو یہ بات چھپاتے نہیں۔ سمپل

کوہلی نے مزید لکھا: 'کیونکہ نیوز چینل افواہ پھیلانے سے باز نہیں آ رہے ہیں اور آپ سب کو كنفيوژ کر رہے ہیں، ایسے میں ہم یہ كنفيوژن دور کر رہے ہیں'۔

کوہلی کے دونوں ٹویٹ انوشکا شرما نے ری ٹویٹ کر کے اس بات کی تصدیق بھی کی۔

اس سے پہلے بھی کئی بار کوہلی اور انوشکا کے تعلقات پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث ہوتی رہی ہے۔

بشکریہ: بی بی سی اردو

Read Comments