ممبئی:بولی وڈ کی خو برو اداکارہ اور سابق مس ورلڈ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ اگر موقع ملا تو پاکستانی فلموں میں ضرور کام کرونگی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کو دئے گئے ایک انٹرویو میں پریانکا نے پاکستانی فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے،انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی فلم کی کہانی اور کردار اچھے ہوں گے تو مجھے کام کرنے میں بے حد خوشی ہوگی اور اس موقعے کو ہاتھ سے جانے نہیں دونگی۔
واضح رہے کہ پریانکا نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز دوہزار تین میں فلم ہیرو سے کیا تھا اس میں ان کے مدمقابل سنی دیول نے مرکزی کردار نبھایا تھا ۔
ہیرو کے بعد انہوں نے بہت سی کامیاب فلموں میں کام کیا جن میں اعتراض،مجھ سے شادی کروگی،کرش،انداز اور باجی راﺅ مستانی شامل ہیں۔
پریانکا کی کامیابی کا سفر یہاں ختم نہیں ہوتا بلکہ انہوں نے امیریکن سیریل کوانٹیکو میں بھی اہم کردار نبھا یا ہے اس کے علاوہ انہوں نے گلوکاری کے میدان میں بھی اپنا سکہ جمایا ہے۔
خیال رہے کہ ان کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم باجی راﺅ مستانی میں ان کی اداکاری کو بہت پسند کیا گیا ہے ،اس وقت وہ اپنی آنے والی فلم جے گنگا جل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔