اپ ڈیٹ 14 جنوری 2017 09:39am

پریانکا شوٹنگ کے دوران زخمی

بھارت کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑہ اپنے امریکی ڈرامے کوانٹیکو کے ایک منظر کو فلمانے کے دوران زخمی ہو گئی ہیں اور انھیں ہسپتال میں داخل کیا گیا۔

بھارت کے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے اے بی سی کے حوالے سے لکھا ہے کہ انھوں طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے اور انھیں آرام کا مشورہ دیا گيا ہے۔

اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ایک سٹنٹ کے دوران وہ پھسل گئیں اور سر کے بل زمین پر آ رہیں اور بے ہوش ہو گئيں۔

انھیں فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کا طبی معائنہ ایمرجنسی وارڈ میں کیا گيا اور پھر چند گھنٹے بعد انھیں ہسپتال سے رخصت دے دی گئی۔ اب وہ اپنے گھر پر آرام کر رہی ہیں۔

ہالی وڈ کی فلم 'بے واچ' میں اداکاری کرنے والی 34 سالہ اداکارہ کے ترجمان نے بتایا: 'سیٹ پر گذشتہ رات ایک چھوٹا سا حادثہ پیش آ گيا تھا۔ پریانکا کو فوراً ہسپتال لے جایا گيا، ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا اور پھر انھیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی جہاں وہ ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق آرام کر رہی ہیں اور کام پر اتوار کے بعد آئیں گی۔'

خیال رہے کہ جمعے کو پریانکا چوپڑہ 'کوانٹیکو' کی ایک پریس کانفرنس میں غیر حاضر تھی اور ان کی کمی واضح طور پر محسوس کی گئی۔

اس سے قبل کوانٹیکو میں اداکاری کے لیے انھیں پیپلز چوائس ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے اور یہ ان کا دوسرا سیزن ہے۔

سابق مس ورلڈ کو حال ہی میں 74 ویں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں ریڈ کارپٹ پر اور پھر اس کے بعد ایک انعام پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

وہ اپنے سنہرے لباس کے ساتھ اپنی خوش لباسی کا مظاہرہ کر رہی تھیں۔ انڈیا کی دوسری ٹاپ اداکارہ دیپکا پاڈوکون بھی تقریب کی اختتامی مجلس میں شریک ہوئی تھیں۔

www.bbc.com/urdu : بشکریہ
Read Comments