شائع 17 جنوری 2017 07:32am

دنگل گرل  نے محبوبہ مفتی سے ملاقات پرعوام سے معافی مانگ لی

ممبئی:بولی ووڈ فلم "دنگل" سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی16 سالہ کشمیری زائرہ وسیم نے مقبوضہ جموں  کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات پرعوام سے معافی مانگ لی۔

زائرہ وسیم بھارت کی سُپرہٹ فلم دنگل میں عامرخان کی بیٹی کے کردارمیں نظر آئیں۔

وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے زائرہ وسیم کے کام کو سراہا جس کے بعد انہوں نے  ہفتے کے روز محبوبہ مفتی سے ملاقات کی۔

زائرہ کے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر آتے ہی کشمیری عوام کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا ،اس کے علاوہ انہیں اورمحبوبہ مفتی کوبھارتی ایجنٹ کے نام سے پکاراجانے لگا۔

اور اب شدید تنقید نے زائرہ وسیم کو محبوبہ مفتی سے ملاقات پر معافی مانگنے پرمجبورکردیا ہے، دنگل چائلڈ اسٹارنے آج سوشل میڈیا پرکھُلے خط میں کشمیری عوام سے معذرت کی ہے۔

ان کے مطابق  وہ جانتی ہیں کہ لوگ ان سے یا پھر جس شخصیت سے انہوں نے ملاقات کی اس سے ناراض ہیں، وہ ان تمام لوگوں سے معافی مانگنا چاہتی ہیں جنہیں انہوں نے غیرارادی طورپردُکھ پہنچایا۔

زائرہ کے مطابق انہیں معلوم ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے کشمیر کے حالات انتہائی خراب ہیں لیکن وہ محض 16 برس کی ہیں اوران کا یہ عمل غیراختیاری تھا۔

 انہیں امید ہے کہ کشمیری عوام انہیں معاف کردیں گے، واضح رہے کہ محبوبہ مفتی نے زائرہ کو کشمیری عوام کا رول ماڈل قرار دیا تھا۔

ہاد رہے کہ جموں وکشمیرگزشتہ چھ ماہ سےکشمیری نوجوان برہان وانی کی شہادت کے بعد سے غیریقینی حالات کا شکار ہے۔

 اب تک سیکڑوں کشمیری بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں پیلٹ گن کے باعث معذورہوچکے ہیں۔

 تاہم بطور وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کوئی قابل قدرکردار نظرنہیں آیا اورکشمیری عوام انہیں کٹھ پُتلی وزیراعلیٰ قراردیتے ہیں۔

Read Comments