پاکستانی گلوگار عاطف اسلم کی انٹرنیٹ پر کافی تعریف کی جا رہی ہے جنہوں نے حال ہی میں اپنے کنسرٹ کے دوران شائقین کی جانب سے ایک لڑکی کو ہراساں کرنے پر نہ صرف گانا روک دیا بلکہ انھیں وہاں سے نکالا بھی۔
سنیچر کو ہونے والے اس کنسرٹ کے دوران عاطف نے اپنا لائیو گانا روک دیا اور اس ویڈیو کو ہزاروں مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عاطف اسلم لڑکی کو پریشان کرنے والے لڑکوں سے کہہ رہے ہیں ’کیا تم نے کبھی کوئی لڑکی نہیں دیکھی۔ یہاں تمہاری ماں بہن بھی ہوسکتی تھی۔‘
پاکستان میڈیا کے مطابق کنسرٹ میں کافی زیادہ لوگ آئے تھے جہاں بہت ساری لڑکیوں کو ہراساں کیا گیا۔
عاطف اسلم نے سیکیورٹی کو بلایا جنہوں نے اس لڑکی کو وہاں سے نکالا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی کو بازوؤں سے کھینچ کر اسٹیج پر چڑھایا گیا۔
عاطف اسلم کے اس فعل پر وہاں آنے والے شائقین نے نعرے لگا کر اور تالیاں بجا کر انہیں داد دی۔ سوشل میڈیا کے صارفین کا کہنا ہے کہ عاطف اسلم نے اس یقین دہانی کے بعد ہی فن کا مظاہرہ دوبارہ شروع کیا کہ وہاں موجود تمام لڑکیاں محفوظ ہیں۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ کسی گلوکار نے اس طرح کے ہراس کو روکنے کے لیے فن کا مظاہرہ روک دیا۔ گذشتہ برس ایک ہسپانوی گلوکار نے بھی میکسیکو میں ایک خاتون پر حملے کے بعد اپنی پرفارمنس روک دی تھی۔
بشکریہ:بی بی سی اردو