ممبئی:پاکستان شوبزانڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ ماہرہ خا ن کا کہنا ہے کہ انہیں بہت برا لگ رہا ہے کہ وہ بھارت میں فلم رئیس کی تشہیری مہم میں حصہ نہیں لے پارہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق 32سالہ اداکارہ ماہرہ بولی وڈ کے معروف ہدایت کار راہول ڈھولکیا کی زیر ہدایت بننے والی فلم رئیس میں کنگ خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔
بی بی سی کو دئیے جانے والے انٹرویو میں ماہرہ کا کہنا تھاکہ انہوں نے اس فلم کے لیے بہت محنت کی ہے لہٰذا انہیں بیحد برا لگ رہا ہے کہ نتائج کے وقت وہ موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ کسی چیز کے لیے بہت محنت کرتے ہیں ،اپنی جا ن لگادیتے ہیں تو بدلے میں اس کا بہترین رزلٹ دیکھنا چاہتے ہیں،رئیس میرے لیے بہت ہی خاص ہے،میں اس فلم کے لیے بہت پُرجوش تھی۔
پاک بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے باعث فلم'اے دل ہے مشکل' میں فواد کا کردار کم کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں اس بات سے آگاہ نہیں ہوں لیکن رئیس میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں۔
ماہرہ نے فلم کے لیے اپنے خدشات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "میں جو محسوس کررہی ہوں اسے کہنا بہت مشکل ہے،لیکن مجھے یقین ہے آخر میں سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا،یہ صرف ایک منفی سوچ ہے"۔