انڈیا کے آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان بھی اب بل فائٹنگ سے مشابہ صدیوں پرانے کھیل جلّی کٹّو کی حمایت میں آ گئے ہیں۔
بی بی سی اردو کے مطابق جمعرات کو ایک ٹویٹ میں رحمان نے کہا:'تامل ناڈو کے لوگوں کے جذبات کی حمایت میں میں نے کل جمعے کو روزہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔'
تامل ناڈو کے روایتی کھیل جلّی کٹّو پر سپریم کورٹ نے پابندی لگا دی ہے جس کے خلاف ہزاروں تمل نوجوان چنئی میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔
تامل ناڈو میں مقامی پونگل تہوار کے موقع پر بیل کے ساتھ ہونے والے کھیل کو جلّی کٹّو کہتے ہیں۔تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ نے جمعرات کو اس مسئلے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق وزیر اعظم نے ان سے کہا کہ یہ معاملہ عدالت کے تحت ہے تاہم وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جلّی کٹّو تامل ناڈو کی روایت کا اٹوٹ حصہ رہا ہے۔
جلّی کٹّو پر پابندی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے لوگوں میں شامل نوجوان اور خواتین کا مطالبہ ہے کہ ریاست میں جلّی کٹّو کو پھر سے منانے کی اجازت دی جائے۔
اے آر رحمان سے پہلے کئی اور بڑے فلمی ستارے جلّی کٹّو کی حمایت میں آ چکے ہیں۔
فلم اداکار رجنی کانت، کمل ہاسن، سوریا شیو کمار اور دھنش وغیرہ بھی جلّی کٹّو کی حمایت کر چکے ہیں۔
جلّی کٹّو روایتی طور پر جنوری کے مہینے میں پونگل تہوار کے موقع پر کھیلا جاتا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد بیل کے پیچھے دوڑتے ہیں تاکہ وہ اس کے سینگھوں پر بندھے ہوئے انعامات حاصل کر سکیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو