لاس اینجلس:بولی وڈ کی خوبرو اداکارہ پریانکا چوپڑا نے امریکی سیریل کوانٹیکو میں بہترین اداکاری پر پیپلز چوائس ایوارڈ اپنے نام کرلیا ،وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی جنوبی ایشیائی اداکارہ بن گئیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں لاس اینجلس میں پیپلز چوائس ایوارڈ دوہزار سولہ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ہالی وڈ کے مشہور اداکاروں نے شرکت کی۔
انہیں یہ ایوارڈ نئے ٹی وی سیریل کی پسندیدہ اداکارہ کی کیٹگری کے لئے دیا گیا اور وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی جنوبی ایشیائی اداکارہ بن گئی ہیں ۔
واضح رہے کہ پیپلز چوائس ایوارڈ وہ واحد ایوارڈ ہے جسے مکمل طور پر لوگوں کے ووٹوں کومد نظرر کھتے ہوئے دیا جاتا ہے،اس ایوارڈ کی کیٹگری میں پریانکا کے ساتھ جیمی لی کرٹس،ایما روبرٹس،مارسیا گے ہارڈن اور لیا مشل بھی نامزد تھے ،لیکن پریانکا ان تمام اداکاروں کو مات دے کر یہ ایوارڈ لے اڑیں۔
انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا انہیں یہ ایوارڈ حاصل کر کے بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے۔