میرا خیال ہے کسی نے انتقام لیا ہے: اہلیہ باکسر عامر خان
باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم نے تازہ تنازعہ پر خاموشی توڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
ہفتہ بھر پہلے باکسر عامر خان کی ایک فحش ویڈیو آن لائن لیک ہوئی، جس میں وہ اپنی سابقہ دوست اور امریکی ماڈل، جن کے ساتھ وہ اپنی شادی سے پہلے 2010تک تعلق میں تھے،کے ساتھ اسکائپ پر دکھائے گئے۔
ڈیلی میل کے مطابق عامر خان اور ان کی اہلیہ کا ماننا ہے کہ کوئی ان دونوں کا قریبی ہے جس نے یہ ٹیپ لیک کی ہے۔
ٹی وی پر دونوں کی اکٹھے آمد کے موقع پر فریال کا کہنا تھا کہ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ یہ کسی نے بدلہ لیا ہے۔لازمی نہیں وہ کوئی گھر کا فرد ہو۔ عامر نے بہت سے لوگوں کو کام سے نکالا ہے تو ہوسکتا ہےیہ اس نے کیا ہو۔
تیس سالہ برطانوی باکسنگ اسٹار نے یہ قبول کیا کہ فحش ٹیپ نے انہیں مایوس کیا اور انہیں یقین ہے کہ کسی قریبی نے انہیں دھوکا دیا ہے، جو انہیں اور ان کی اہلیہ کو تکلیف دینا چاہتا ہے۔ جوڑے نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ویڈیو ان دونوں کی شادی ہونے سے پہلے کی ہے۔
عامر کا کہنا تھا کہ اس چیز نے مجھے مایوس کیا ہے کیوں کہ ایک بڑی تعداد میں نوجوان مجھے ایک رول ماڈل کی طرح دیکھتے ہیں اور اس ویڈیو کا آنا مایوس کن ہے۔ اس سے میرے خیراتی کاموں پر براسایہ پڑے گا۔
فریال نے کہا کہ طلاق کی تمام افواہیں اور میڈیا پر جو بھی کہا گیا ،سچ نہیں ہے۔ ہم بس یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ ہماری ازدواجی زندگی صحیح چل رہی ہے۔