ممبئی : بولی وڈ کے معروف اداکار شتروگھن سنہا نے اپنے ماضی کے خیالات عوام سے شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے خوبصورتی کیلئے سرجری کا سوچا تھا لیکن ان کے دوست دیوآنند نے ان کو یہ نہ کرانے کا مشورہ دیا تھا۔
بی بی سی کے مطابق برہمترالٹریری فیسٹیول میں بات چیت کرتے ہوئے شتروگھن نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی محنت سے بولی وڈ میں مقام بنایا اور اس وقت فلمی دنیا میں کوئی گاڈ فادر نہیں تھا۔
شتروگھن سنہا نے نوجوان نسل کو اپنی انفرادی حیثیت برقرار رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مقصد کے حصول کیلئے بھرپور محنت کریں ۔
سیاست میں اپنے کردار سے متعلق شتروگھن نے مزید کہا کہ ایک وقت وہ اس سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی سوچ رہے تھے لیکن بی جے پی رہنما ایل کے ایڈوانی نے ان کو اس سے باز رکھا۔
فلمی دنیا میں آنے اور اس میں درپیش مشکلات سے متعلق بھی تفصیلات انہوں نے بی بی سی سے شیئر کیں تاہم فلم پدماوتی کی شوٹنگ بند ہونے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے انہوں نے گریز کیا۔
واضح رہے کہ اس ادبی میلے میں شتروگھن سنہا اپنی کتاب تھنگ بٹ خاموش کی تشہیر کیلئے آئے تھے۔