ممبئی:شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم 'رئیس'کا شمار ان فلموں میں ہوتا ہے جن کی ریلیز کا بے صبری کے ساتھ انتظار کیا جاتا ہے۔
فلم کی ریلیزگزشتہ ایک سال سے کچھ وجوہات کی بناء تاخیر کا شکار تھی جس کا انتظار کنگ خان کے مداح بے چینی سے کررہے تھے۔
بالآخر فلم 6 روز قبل 25 تاریخ کو نمائش کے لیے پیش کردی گئی ،جس کا آغاز نہایت ہی شاندار ہوا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق بھارتی تجزیہ کار رامیش بالا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز (پیر) تقریباً7 کروڑ 5 لاکھ کا بزنس کرکے فلم 100 کروڑ 74 لاکھ روپے کمانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔
ایک اور تجزیہ کار ترن آدرش نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی ریلیز کے پہلے ہفتے کا بزنس کچھ اس طرح رہا،بدھ (20 کروڑ 42 لاکھ)،جمعرات(26 کروڑ 30 لاکھ)،جمعہ(13 کروڑ 11لاکھ)،ہفتہ(15 کروڑ 61لاکھ)،اتوار(17 کروڑ 80 لاکھ)۔جبکہ پیر کے روز کے بزنس کے بعد فلم 100 کروڑ کماچکی ہے۔
رئیس کی ٹیم نے گزشتہ دو روز قبل فلم کی کامیابی کا جشن منایا جس میں کنگ خان،سنی لیونی ،راہول ڈھولکیا کے علاوہ تمام ٹیم ممبرز نے شرکت کی لیکن اس جشن میں فلم کی مرکزی ہیروئن اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی غیر موجودگی کے باعث تقریب کا مزہ ادھورا سا محسوس ہوا۔
بشکریہ:انڈین ایکسپریس