ممبئی:پاکستانی سینما مالکان اور فلموں کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کو نمائش کی اجازت دے دی گئی ہے۔
فلم ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جمعرات(آج)سے پاکستان بھر میں بولی وڈ فلموں کی نمائش کا آغاز ہونے جا رہا ہے ،بھارتی فلم 'قابل 'اور فواد خان کی فلم 'اے دل ہے مشکل' کو سینسر بورڈ سے سرٹیفکیٹ حاصل ہوگئے ہیں۔
پہلے مرحلے پر معروف اداکار ہرتیک روشن اور یامی گوتم کی فلم 'قابل'جمعرات کی شام سے اور 'اے دل ہے مشکل'جمعہ سے سینما گھروں میں دکھائی جائے گی۔
جبکہ بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان کی فلم 'رئیس'کی نمائش آئندہ ہفتے جمعہ کے روز متوقع ہے۔
قابل'کے مرکزی ہیرو ہرتیک روشن نے فلم کی پاکستان میں نمائش کے حوالے سے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'آج شام سے قابل کی کراچی' شہر میں نمائش شروع ہوگئی ہے'۔
ندیم مانڈوی والا نے ا س حوالے سے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'مشکل ماحول کے باوجود پاکستانی سینما کی مشکلات کے پیش نظر انڈیا کی فلموں کی نمائش کی اجازت دے دی ہے'۔
بشکریہ:بی بی سی اردو