ممبئی:دبنگ گرل کے نام سے مشہور بولی وڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا کی ان کے قریبی دوست بنٹی سج دے کے ساتھ ملاقاتوں کی خبریں ان دنوں بھارتی میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔
جبکہ یہ بھی کہا جارہا ہے دونوں رواں سال فروری میں منگنی کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ،لیکن ابھی تک سوناکشی کی جانب سے ان افواہوں کی تصدیق کااعلان نہیں کیا گیا۔
لیکن ہمیں یقین ہے کہ آپ کو بنٹی سج دے کی اس حقیقت کا علم نہیں ہوگا کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری کے سلطان (سلمان خان) کے دور کے رشتے دار ہیں۔
بولی وڈ ببل کے مطابق سوناکشی کے مبینہ بوائے فرینڈ بنٹی ،سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کی اہلیہ سیما خان کے بھائی ہیں،اس کا مطلب ہے اگر بنٹی اور سوناکشی شادی کے بندھن میں بندھ جاتے ہیں تو سوناکشی سلمان خان کی فیملی کا حصہ بن جائیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ قبل دونوں کے بارے میں یہ خبریں بھی گردش کررہی تھیں کہ بنٹی اور سوناکشی اپنے رشتے کو مزید آگے بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے کیونکہ ان کے والدین نے دونوں کے رشتے کو قبول کرنے سے انکار کردیاتھا۔
واضح رہے کہ سوناکشی ان دنوں فلم'نور'کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو رواں سال 21 اپریل کو ریلیز کی جائے گی۔