فلم 'رئیس' کے بارے میں لوگوں کی رائے اور شاہ رخ کے دلچسپ جوابات
ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم 'رئیس'لوگوں کی بھرپور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ بی بی سی اردو کے مطابق خان نے اے آئی بی کو دئیے گئے ایک انٹرویو کے دوران اپنی زندگی اور اداکاری سے متعلق کئی دلچسپ پہلوؤں کا ذکر کیا ،انہوں نے اپنی ایک پرانی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار بگ بی نے مجھے نصیحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ'کچھ بھی ہو معافی مانگ لیا کرو'۔ انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا امیتابھ بچن نے مجھے مشورہ دیا کہ 'اب جب آپ ایک بڑے اسٹار ہو ،لہٰذا کسی بھی غلطی پر معافی مانگ لیا کرو،چاہے غلطی تمہاری ہو یانہ ہو ،ورنہ لوگ کہیں گے کہ پیسہ تمہارے سر پر چڑھ گیا ہے'۔ انہوں نے لوگوں کے رویوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ کبھی کبھی عجیب باتیں کرتے ہیں ،جیسے کسی کا کہنا تھا کہ 'رئیس'دیکھ کر انہیں فلم 'ڈان'کی یاد آگئی،جبکہ کسی نے کہا کہ یہ فلم 'ڈر'جیسی ہے،تومیں نے کہا 'امی جان ک ک ک کہتی تھیں'۔ خان نے مزید کہا کہ'مجھے سمجھ نہیں آتا کہ جب فلمیں ہٹ ہورہی ہوں تو آپ کی اداکاری پر سوال اٹھائے جاتے ہیں،ایسا لگتا ہے لوگ مجھے بیوقوف بنانے کے لیے کہتے ہیں کہ آپ کی فلمیں ہٹ ہورہی ہیں اور ایک دن آئے گا جب سب کہیں گے 'ہم آپ کو الو بنارہے تھے،تمہیں اداکاری نہیں آتی'۔ واضح رہے کہ فلم 'رئیس' بھارت میں کامیاب ہوچکی ہے اور بہت جلد پاکستانی سینما گھروں کی زینت بنے گی،فلم میں شاہ رخ خان،ماہرہ خان اور نوازالدین صدیقی نے اہم کردار اد اکیے ہیں۔