کشمیر کی تحریک آزادی پر بننے والی فلم'آزادی' کا ٹریلر منظر عام پر
پاکستانی سینما روز بروز ترقی کے منازل طے کررہا ہے،اب یہاں روایتی موضوعات سے ہٹ کر فلمیں بنائی جانے لگی ہیں جنہیں لوگوں کی جانب سے پزیرائی بھی حاصل ہو رہی ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال کشمیر کی تحریک آزادی پر بنائی جانے والی فلم'آزادی'ہے جس کا ٹریلر یوم کشمیر کے موقع پر ریلیز کیا گیا ہے۔ فلم میں پاکستان کے باصلاحیت اور لیجنڈ اداکار ندیم بیگ،معمر رانا اور سونیا حسین اپنی فنی صلاحیتوں کا جادو جگاتے نظر آئیں گے،جبکہ ہدایت کاری کے فرائض عمران ملک نے ادا کیے ہیں ،عمران پاکستان کے معروف ہدایت کار اور پروڈیوسر پرویز ملک کے بیٹے ہیں۔ عمران نےنہ صرف فلم کی ہدایات دی ہیں بلکہ کہانی بھی خود تحریر کی ہے،جبکہ فلم کے پروڈیوسر ان کے بھائی عرفان ملک ہیں۔ مقامی جریدے کے مطابق ہدایت کار عمران ملک کا کہنا ہے کہ فلم میں حب الوطنی،محبت اور ایکشن جیسے عناصر شامل کیے گئے ہیں ،جو اس سے پہلے پاکستانی سینما میں کبھی نظر نہیں آئے۔