ممبئی:بولی وڈ کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ ودیا بالن مختصر وقت میں بہترین کردار ادا کرکے بیحد مقبولیت حاصل کرچکی ہیں۔
انہوں نے اپنے کیرئیر کی شروعات بولی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کے ساتھ فلم 'پرینیتا'کے ذریعے کی ،اس فلم نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
اور اب 38 سالہ اداکارہ نے بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ودیا کا کہنا ہے کہ اگر انہیں اچھے اسکرپٹ کے ساتھ عامر خان کے مقابل کام کرنے کی آفر ہوئی تو وہ انکار نہیں کریں گی،انہوں نے خود کو 'لالچی'اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ہر اچھے اداکار کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں۔
ودیا نے عامر کی گزشتہ برس ریلیز ہوئی فلم'دنگل'کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خوبصورت کہانی،جاندار اداکاری اوربہترین موسیقی نے مل کر فلم کو اس قابل بنایا کہ وہ لوگوں کے معیار پر پوری اتر گئی۔
واضح رہے کہ ودیا ان دنوں اپنی آنے والی فلموں 'بیگم جان'اور 'تمہاری سلو'کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو جلد ہی سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔