ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری میں کرینہ کپور خان اور پریانکا چوپڑا ایک دوسرے کی حریف تصور کی جاتی ہیں،ماضی میں دونوں ایک دوسرے پر طنز کرتی بھی نظر آتی تھیں۔
سیف اور کرینہ کے گھر گزشتہ دسمبر میں بے بی تیمور کی پیدائش ہوئی،اس موقع پر پریانکا کیسے پیچھے رہتیں۔
ڈی این اے انڈیا کے مطابق پریانکا نے تیمور کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 'تیمور بہت ہی خوبصورت بچہ ہے،اس کا چہرہ اور ہونٹ بالکل کرینہ جیسے ہیں،دونوں کا بیٹا کسی شہزادے سے کم نہیں،میں سیفینا کے لیے بے انتہا خوش ہوں'۔
کرینہ پریانکا کے اس بیان پر خاموش نہ رہ سکیں اور فوراً ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 'میرا بیٹا دنیا کا سب سے خوبصورت بچہ ہے،میں پریانکا کی تعریف سے اتفاق کرتی ہوں،ہاں میرے بیٹے کے ہونٹ بہت خوبصورت ہیں'۔
واضح رہے کہ کافی ود کرن میں شو کے میزبان (کرن جوہر)کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کہ آپ پریانکا اور دیپیکا کے ہالی وڈ جانے کے بارے میں کیا کہتی ہیں پر کرینہ کا کہنا تھا کہ وہ ان دونوں کے لیے بہت خوش ہیں۔