لاہور:منفرد اسٹائل، گرج دار آواز اور دبنگ انداز کی بدولت کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے لالی وڈ انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار سلطان راہی کو ہم سے بچھڑے آج بیس برس بیت گئے۔
انیس سو اڑتیس کو بھارتی ریاست اترپردیش میں پیدا ہونے والے پنجابی فلموں کے سلطان نے فلم باغی سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ منفرد اداکاری کے باعث فلم بشیرا، وحشی جٹ اور مولا جٹ جیسی لازوال فلموں نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
اسی کی دہائی کے دوران سلطان راہی لالی وڈ انڈسٹری پر چھائے رہے۔اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے آٹھ سو سے زائد پنجابی اور اردو فلموں کے علاوہ اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے ہر ایک کو متاثر کیا۔
فلموں میں کامیاب کردار نبھانے اور متعدد ایوارڈز حاصل کرنے والے دبنگ اداکار سلطان راہی کا نام گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے۔ انہیں نو جنوری انیس سو چھیانوے کو گوجرانوالہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔