شائع 14 فروری 2017 06:35am

انڈے کھائیں اور ساتھ ان کے چھلکے بھی کھا لیں

انڈےغذائیت سے بھرپور غذا ہے اور اس کو ناشتے میں کھانے سے آپ دن بھر چاق و چوبند رہتے ہیں۔

وہ لوگ جن کو کولیسٹرول کی بیماری ہوتی ہے وہ انڈے کی سفیدی کھانے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ پورا انڈہ کھانا صحت کے لئے زیادہ فائدہ مند ہے۔

لیکن آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ انڈے کے ساتھ ان کے چھلکے بھی ہماری صحت کے لئے بے حد فائدہ مند ہیں۔

بزنس انسائیڈر کی ایک ویڈیو کے مطابق امریکا میں فوڈ انڈسٹری ہر سال 150،000 انڈوں کے چھلکے جمع کرتی ہے۔

انڈوں کے چھلکوں کو پھینکنے کے بجائے ان کو کھانے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یہ چھلکے کیلشیم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں کیونکہ یہ 95 فیصد کیلشیم کاربونیٹ سے بنے ہوئے ہوتے ہیں۔

 ایک انڈے کے چھلکے میں تقریباً 2 گرام کیلشم موجود ہوتا ہے جوکہ دن بھر میں انسانی جسم کو ملنا ضروری ہے۔

لیکن خیال رہے کہ انڈے کے چھلکوں کو کبھی بھی کچا استعمال نہیں کریں بلکہ ان کو پہلے اچھی طرح دھولیں تاکہ اس میں موجود تمام جراثیموں کا خاتمہ ہوجائے۔ پھر ان چھلکوں کو 10 سے 15 منٹ تک کے لئے اوون میں 200 فارن ہائیٹ پر بیک کرلیں۔

جب بیک ہوجائیں تو بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔ انڈوں کے چھلکوں کے پاؤڈر سے کیلشیم وافر مقدار میں حاصل کیا جاسکتا ہے اور اس سے ہڈیوں کا درد بھی دور ہوتا ہے اور ہڈیاں مضبوط بنتی ہیں۔

 انڈوں کے چھلکوں کو مختلف کھانوں کی چیزوں میں ڈال کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جیسے آٹے اور اسیپگیٹی وغیرہ میں ڈال کر اس کو کھایا جاسکتا ہے۔

 لیکن اس بات کا خیال رہے کہ بہت زیادہ کیلشیم کھانا ہماری صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک نارمل انسان کو دن میں محض 1 گرام کیلشیم کی ضرورت ہوتی ہے لہذا اس سے زیادہ کیلشیم لینے سے گریز کریں۔

 نوٹ: یہ موضوع ٹیک انسائیڈر کی ایک ویڈیو سے لیا گیا ہے اور یہ محض عام معلومات کے لئے ہے، اس پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کرلیں۔

بشکریہ: ٹیک انسائیڈر

 

Read Comments