پاکستان کی پوپ اسٹار حدیقہ کیانی کے بارے میں ایک بین الاقوامی جریدے نے خبر شائع کی ہے کہ انہیں لندن میں کوکین اسمگلنگ کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میٹرو یوکے ،کے مطابق کیانی کو لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے دو کلو گرام کوکین اسمگل کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا ہے،رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ انہیں موقع پر موجود پولیس نے اپنی حراست میں رکھا ہوا ہے،جبکہ کوکین کافی کے دو بیگز میں سے برآمد ہوئی ہے جسے سوٹ کیس کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا ، کوکین کی قیمت 80،000 پاؤنڈ کے قریب بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب حدیقہ کیانی نے اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'ان کے خلاف گردش کرنے والی تمام افواہیں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں ،واضح رہے کہ حدیقہ اس وقت لاہور میں موجود ہیں،اور وہ گزشتہ دو روز قبل میوزک فیسٹیول میں شرکت بھی کر چکی ہیں۔
کیانی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی فیملی کے ساتھ نظر آرہی ہیں ساتھ میں انہوں نے لکھا ہے کہ وہ میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے سخت صدمے کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ'میں لندن میں نہیں ہوں اور نہ ہی میرا لندن جانے کا کوئی منصوبہ ہے ،میں اس وقت ان الزامات کی وجہ سے سخت پریشان ہوں جس میں میرا نام کوکین اسمگلنگ کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔
انہوں نے میڈیا پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جعلی نیوز لگانے سے پہلے کیا آپ نے اس کی تصدیق یا ہوم ورک کیا تھا۔
ایک مقامی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے حدیقہ کا کہنا تھا کہ ،اس خبر پر ابتداء میں انہیں ہنسی آئی تھی، لیکن وہ اس وقت پریشان ہوگئیں جب انہیں اس حوالے سے مختلف صحافیوں اور دوسرے لوگوں کی جانب سے سیریس فون کالز آنی شروع ہو گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ لاہور میں ویلنٹائن ڈے اوراپنے بھانجے کی سالگرہ کی تقریب انجوائے کررہی تھیں اور اس وقت اس طرح کی خبر نے انہیں مایوس کردیا جس کو نشر کرتے وقت تصدیق کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی گئی۔