شائع 17 فروری 2017 02:03pm

سانحہ درگاہ لعل شہباز قلندر،شہداء کی تعداد اٹھاسی ہوگئی

سیہون: درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش حملے کے نتیجے میں  شہداء کی تعداد اٹھاسی ہوگئی ہے جبکہ تین سو سے زائد زخمی افراد کراچی اور سندھ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق کراچی پہنچائے جانے والے زخمی افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

سانحہ سیہون شریف میں  شہداء کی تعداد اٹھاسی ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد تین سو سے زائد ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق سید عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹیٹیوٹ سیہون میں  چھیتر میتیں لائی گئیں، چار میتیں پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ اور  تین چانڈکا اسپتال لاڑکانہ لائی گئیں۔

سانحے میں تین سو تینتالیس افراد زخمی ہوئے، دو سو دس زخمی عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹیٹیوٹ سیہون لائے گئے، پیپلز میڈیکل یونیورسٹی اسپتال نوابشاہ میں چھیالیس زخمی لائے گئے۔

لیاقت اسپتال حیدرآباد میں  تئیس زخمی لائے گئے، سول اسپتال دادو میں  سترہ اور چاندکا اسپتال لاڑکانہ میں  تینتیس زخمی لائے گئے جبکہ پی این ایس شفا کراچی میں سات اور سول ٹراما سینٹر کراچی میں چھ زخمی لائے گئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کہتے ہیں کہ سول اسپتال لاڑکانہ میں گیارہ میتوں کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ حالات کی بہتری کیلئے عوام اپنا کردار ادا کریں۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق سانحہ سیہون شریف میں معمولی زخمیوں کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ دیگر زخمیوں کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔

Read Comments