پاکستانی مشہور اداکارہ صبا قمر کی ان دنوں سوشل میڈیا ایک ویڈیو بہت وائرل ہورہی ہے۔ جس میں انھوں نے بھارتی اداکاروں کے حوالے سے اپنی رائے دی ہے۔
اس ویڈیو کے حوالے سے صبا نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ وہ ویڈیو ایک پرانے ٹی وی شو کی ہے اور جس میں انھوں نے صرف مذاق میں پوچھے گئے سوالات کا مذاق میں ہی جواب دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی ایک فنکار ہیں لہذا وہ کسی دوسرے فنکار کا مذاق نہیں اڑا سکتیں اور وہ کسی کی دل آزاری نہیں کرنا چاہتیں۔
صبا کے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بےحد وائرل ہورہی ہے جس میں انھوں نے بھارتی ادکار سلمان خان اور عمران ہاشمی کے ساتھ فلم میں ساتھ کام نہ کرنے کا جواب دیا ہے۔
انٹرویو میں جب صبا سے پوچھا گیا کہ اگر آپ کو سلمان خان کے ساتھ فلم آفر ہوئی تو وہ کیسے انکار کریں گی؟ تو صبا نے ان کوچھچورا کہا اور عمران ہاشمی کے بارے میں جواب دیتے ہوئے صبا نے کہا کہ انھیں منہ کا کینسر نہیں چاہیئے۔
اس ویڈیو کے چرچے بھارت میں بھی ہورہے ہیں اور اس ویڈیو سے متعلق بھارتی میڈیا میں آئے روز خبریں بھی شائع ہو رہی ہیں۔
صبا کا کہنا ہے کہ انڈین ٹی وی شو کافی وِد کرن میں بھی اسی طرح کی باتیں ہوتی ہیں تو پھر ان کی ویڈیو کو اتنا کیوں اچھالا جا رہا ہے؟
واضح رہے کہ پاکستانی اداکارہ صبا قمر جلد ہی اپنی پہلی بھارتی فلم 'ہندی میڈیم' میں عرفان خان کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
بشکریہ: بی بی سی اردو