اینجلینا جولی نے تلی ہوئی مکڑی کھا کر سب کو حیران کردیا
ممبئی: دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی کے حوالے سے مشہور ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اینجلینا جولی نے اپنے بچوں کے ساتھ کمبوڈیا میں ٹی وی پر براہ راست تلی ہوئی مکڑی اور کیڑے مکوڑے کھا کر سب کو حیران کردیا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق 41 سالہ اداکارہ ان دنوں اپنی آنے والی فلم 'فرسٹ دے کلڈ مائی فادر'کی تشہیر کے سلسلے میں کمبوڈیا میں موجود ہیں،کمبوڈیا سے جولی کا جذباتی تعلق قائم ہے ،جولی کے مطابق اس ملک نے انہیں بیدار کیا تھا۔ جولی کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران حشرات الارض اور کیڑے مکوڑے زندہ بچ جانے والے افراد کی خوراک کا حصہ تھے۔ انہوں نے ٹی وی پر مکڑیوں اور کیڑے مکوڑوں کو پکانے کا طریقہ بتایا،اس موقع پران کے ساتھ ان کے بچے(15 سالہ میڈوکس،13 سالہ پاکس،12 سالہ زاہرہ،10 سالہ شیلوہ اور 8 سال کے جڑواں بچے نوکس اور ویوینی )موجود تھے۔ ویڈیو بشکریہ:یو ٹیوب واضح رہے کہ جولی پہلی بار 2002 میں اپنی مشہور فلم لارا کرافٹ،ٹامب ریڈر کی شوٹنگ کے سلسلے میں کمبوڈیا گئی تھیں اور وہاں سے اپنے سب سے بڑے بیٹے میڈوکس کو گود لیا تھا۔