اپ ڈیٹ 23 فروری 2017 08:27am

'کھانے میں سبزیاں چھپانا آتا ہے'

ممبئی:بولی وڈ کی خوبرو اداکارہ  کاجول کو بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے تقریباً25 سال کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن ان کے  چاہنے والوں میں آج بھی کمی نہیں آئی ہے،لوگ ان کی بھرپور صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے آج بھی  انہیں اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

کاجول اداکارہ ہو نے کے ساتھ ماں بھی ہیں اور اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری  کے ساتھ نبھا تی ہیں وہ روایتی  ماؤں کی طرح اپنے دونوں بچوں 13 سالہ نیساء اور 6 سالہ یُگ  کا خیال رکھتی ہیں۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق  کاجول کا شمار ان ماؤں میں ہوتا جو اپنے بچوں کے کھانے پینے  سے لے کر ہر ضرورت کا بھرپور خیال رکھتی ہیں،حال ہی میں دہلی میں منعقد ہوئی ایک تقریب میں  کاجول نے اپنے بچوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ بچوں کو نظم و ضبط کا پابند ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ میں اور میرے شوہر اجے دیوگن نے بچوں کے لیے کوئی سخت قسم کے اصول نہیں بنائے ہیں  ہم روایتی کھانا کھاتے ہیں  اور ہفتے کے اختتام پر  باہر سے کھانا منگواتے ہیں،انہوں نے ہنستے ہوئے  کہا کہ میرے دونوں بچوں کی عادتیں ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں میرے بیٹے کو سبزیاں پسند نہیں 'لیکن مجھے کھانے میں سبزیاں چھپانا آتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت مند  رہنے کے لیے آپ کو اپنی خوراک پر پوری توجہ دینی چاہئے،اور یہ کوشش تاحیات کرنی چاہئے میں  آج بھی اپنی عادتوں  کو برقراررکھنے کے لیے کوشش کررہی ہوں۔

Read Comments