ممبئی:بولی وڈ کنگ شاہ رخ کا رشتہ ان کے بچوں کے ساتھ بہت ہی مضبوط ہے ،پوری بھارتی فلم انڈسٹری جانتی ہے کہ کنگ خان اپنے تینوں بچوں خاص طور پر ابرام سے بے انتہا محبت کرتے ہیں اور اس کے لیے دنیا کی مہنگی سے مہنگی چیز خریدنے سے نہیں چوکتے۔
بولی وڈ ببل کے مطابق شاہ رخ خان کا بچپن دُکھ اور محرومیوں سے بھرا پڑا ہے،اس لیے وہ اپنے بچوں کو دنیا کی ہر خوشی دینا چاہتے ہیں،ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے خان نے اپنے بچپن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت 51 سال کاہوں،جب میں 14 یا 15 سال کا تھا میں نے اپنے والد کو کھودیا اور جب 25 سال کا ہوا میری والدہ مجھے ہمیشہ کے لیے چھوڑ کر چلی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنے والدین کو چھوٹی عمر میں کھودیتے ہیں تو بہت جلدی بڑے ہوجاتے ہیں،دنیا کا حقیقی چہرہ آپ کے سامنے آجاتا ہے اور کھلونوں سے کھیلنے کی عمر میں آپ کو دنیا سے کھیلنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچپن میں میرے پاس کھلونے نہیں ہوتے تھے اس لیے میں اپنے بچوں کے لیے کھلونے لے کر آتاہوں اور اپنے بچوں کے ساتھ میں بھی ان سے کھیلتا ہوں،لوگوں کو یہ بہت عجیب لگتا ہے، وہ یہ بھی سوچتے ہیں کہ میں ایک اچھا والد ہوں۔
لیکن یہ سچ نہیں ہے،'میں ایک ایسا والد ہوں جس کے پاس کھلونے نہیں تھے'۔
واضح رہے کہ شاہ رخ ان دنوں اپنی فلم 'رئیس'کی کامیابی انجوائے کررہے ہیں جس میں ان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے مرکزی کردار نبھایا ہے۔