مرنے کے بعد میرے اثاثوں کا وارث کون ہوگا،امیتابھ کا واضح پیغام
ممبئی:بولی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے خواتین کے عالمی دن(8مارچ)سے ایک ہفتے قبل صنفی مساوات جیسے اہم معاملے پر بیان دیا۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق بگ بی نے منگل کے روز ٹویٹر پر ایک تصویر کے ساتھ پیغام درج کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'میرے مرنے کے بعد میرے تمام اثاثے بیٹی شویتا بچن نندا اور بیٹے ابھیشیک بچن کے درمیان برابر تقسیم کیے جائیں ،انہوں نے ہیش ٹیگ کے ساتھ صنفی مساوات اور ہم سب برابر ہیں بھی لکھا'۔ T 2449 - #WeAreEqual .. and #genderequality ... the picture says it all !! pic.twitter.com/QSAsmVx0Jt — Amitabh Bachchan (@SrBachchan) March 1, 2017 بھارت میں روایتی طور پر والد اپنے بیٹوں کو اپنا سب کچھ دے دیتے ہیں ،جبکہ عدالت بیٹیوں کو بھی ان کا حق دلوانے میں مدد کرتی ہے لیکن اس سب کے باوجود یہ روایت اسی طرح جا ری ہے۔ امیتابھ بچن صنفی مساوات کے بہت بڑے حامی ہیں،وہ رواں سال خواتین پر بننے والی فلم 'پنک'کے حوالے سے خبروں کی زینت بنے، انہوں نے فلم کی ریلیز سے قبل اپنی نواسی نویا نندا اور پوتی ارادھیا رائے بچن کو خط لکھا جو میڈیا پر بیشتر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا۔ خط میں انہوں نے دونوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ'کیونکہ تم دونوں خواتین ہو لوگ تم پر اپنی سوچ مسلط کرنے کی کوشش کریں گے،وہ تمہیں بتائیں گے کہ کیسا لباس پہننا ہے،کس طرح رہنا ہے وغیرہ،لیکن تمہیں لوگوں کے حساب سے چلنے کی ضرورت نہیں ہےاپنی عقل اور دماغ استعمال کرنا اور وہی کرنا جو تمہا را دل چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ پوتی اور نواسی کو لکھا گیا یہ خط بھارتی میڈیا پر بہت مقبول ہواتھا جبکہ بولی وڈ کے تقریباً تمام اداکاروں نے امیتابھ کی اس کاوش بے حد سراہا تھا۔