شائع 03 مارچ 2017 10:18am

سنجے دت کو 'تاج محل' کے قریب شوٹنگ کرنا مہنگا پڑ گیا

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری میں  منابھائی ایم بی بی ایس کے نام سے مشہور معروف اداکار سنجے دت  ایک بار پھر بڑی مشکل میں پھنس گئے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق  اداکار ان دنوں اپنی نئی فلم 'بھومی'کی شوٹنگ کے سلسلے میں آگرہ میں موجود ہیں  لیکن انہیں وہاں جانا مہنگا پڑ گیا ،فلم کی شوٹنگ  آگرہ میں واقع محبت کی نشانی 'تاج محل'کے قریب جاری تھی کہ  وہاں موجود سنجے دت کے مداح اپنے پسندیدہ اسٹار کو دیکھ کر پُرجوش ہوگئے اور ان کے گرد مجمع اکھٹا ہوگیا،جس کے باعث روڈ بلاک ہوگیا  اور لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آنے لگیں،لہٰذا تاج محل دیکھنے کے لیے آنے والےبہت سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی وقت بہت سے میڈیا نمائندے اسٹار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب ہوگئے اور تصاویر  لینے لگے  لیکن سنجے دت کی سیکیورٹی کے باعث ان کے محافظوں نے کئی صحافیوں  کو دھکا دیا اور ان کے ساتھ برا سلوک کیا،جس کے نتیجے میں کئی لوگ زخمی ہوگئے۔

اجے کمار نامی صحافی نے   آگرہ پولیس اسٹیشن میں اس واقع کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی ،جس میں اس نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہاکہ  وہ سنجے دت کی چند تصاویر لینا چاہتا تھا،لیکن بد انتظامی کے باعث وہاں موجود سیکیورٹی گارڈز اور پولیس نے انہیں مارنا شروع کردیا  جس کی وجہ سے ان کے سر  اور سینے پر کافی گہرے زخم آئے ہیں۔

دوسری جانب اداکار سجنےدت نے وہاں موجود  تمام صحافیوں،سیاحوں اور لوگوں سے اس واقع کی معافی مانگی ہے۔

واضح رہے کہ ہدایت کار اومنگ کمار کی فلم 'بھومی' کی شوٹنگ رواں سال کی ابتداء میں شروع کی گئی تھی فلم میں سجنے دت کے ساتھ آدیتی راؤ حیدری  بھی شامل ہیں جو ان کی بیٹی کا کردار نبھا رہی ہیں۔

Read Comments