بیگم جان کا نیا پوسٹر ،خواتین کے کردار کو اجاگر کرتا مضبوط پیغام
ممبئی:بولی وڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن میں یہ خوبی ہے کہ وہ خود کو کردار کے مطابق بخوبی ڈھال لیتی ہیں ،چاہے وہ ان کی سپر ہٹ فلم 'کہانی'ہو یا 'ڈرٹی پکچر'انہوں نے دونوں فلموں میں جاندار اداکاری کرکے تمام لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق ودیاکی نئی فلم 'بیگم جان' کا پوسٹر ریلیز کردیا گیا ہے پوسٹر میں ودیاکا ایک نیا روپ نظر آرہا ہے ،وہ ہاتھ میں حقہ پکڑے کسی ملکہ کی طرح کرسی پر بیٹھی ہیں جبکہ پوسٹر پر درج تحریر (میرا گھر،میرا ملک ،میرے اصول) کے ذریعے خواتین کے حوالے سے ایک مضبوط پیغام دیا گیا ہے،جو لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ فلم کی کہانی بھارت کی تقسیم کے دور1947 کے گرد گھومتی ہے جس میں بے گھر خواتین کے مسائل کو بیان کیا گیا ہے ، پوسٹر کی تصویر کے ساتھ ودیا نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ 'آرہی ہوں میں ،بیگم جان پہلی جھلک"۔ Aa rahi hoon main! #BegumJaanFirstLook @visheshfilms @srijitspeaketh pic.twitter.com/hP0x6VIysp — vidya balan (@vidya_balan) March 7, 2017 فلم میں ودیا کے علاوہ نصیر الدین شاہ،الا ارون،پلوی شردھا ،رجت کپور وغیرہ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے ، فلم کی ہدایت کاری کے فرائض سری جیت مکھرجی نے انجام دئیے ہیں ،جبکہ ودیا کو 'بیگم جان'بنانے کا سہرا معروف ڈیزائنر رکی رائے کے سر جاتا ہے۔ ودیا ا س کردار کے لیے ہدایت کار کی پہلی پسند تھیں انہوں نے ادکارہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ،ودیا کے چہرے اور آواز میں کچھ ہے جو انہیں دوسروں سے ممتاز کرتا ہے،اگر آپ کسی مضبوط کردار کے بارے میں سوچیں گے تو آپ کے ذہن میں ودیا بالن کا نام آئے گا ،وہ اس کردار کے لیے میرا پہلا انتخاب تھیں۔ دسری جانب ودیا بالن نے اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ،بیگم جان کا کردار بہت مضبوط ہے ،واضح رہے کہ فلم رواں سال 14 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔