خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اکشے کمار اور تاپسی پنوں کا خواتین کے لیے خوبصورت پیغام
ممبئی:بولی وڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار اور اداکارہ تاپسی پنوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تمام خواتین کو بہت خوبصورت تحفہ دیا ہے،انہوں نے اس دن کی مناسبت سے عورتوں کو اپنی حفاظت کرنے کے چند طریقے بتائے ہیں جنہیں استعمال کرکے وہ خود کو محفوظ کرسکتی ہیں۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق دونوں اداکاروں نے ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جسے "کہنی مار،کیا پتہ کب کام آجائے"کانام دیا گیا ہے ،ویڈیو کی ابتداء میں تاپسی پنوں خواتین کو خود کی حفاظت کرنے کا پیغام دیتی نظر آئیں ،ان کا کہنا تھا کہ ایسے مواقعوں پر منجمد ہوجانا ٹھیک نہیں،بلکہ خواتین اگر کسی مصیبت میں ہوں تو انہیں چیخنا چاہئے اور مدد کے لیے کسی کو بلانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'مجھے سمجھ نہیں آتا خواتین ہمیشہ کسی کی مدد کی طلبگار کیوں رہتی ہیں ،وہ اپنی حفاظت خود کیوں نہیں کرتیں شاید اس لیے کہ ایسے مواقعوں پر ہمارا ذہن کام کرنا بند کردیتا ہے۔ اکشے کمار نے ٹویٹر پر ویڈیو کے ساتھ پیغام بھی درج کیا کہ ،سکتے میں نہ آئیں،بلکہ ردعمل ظاہر کریں ،کیونکہ آپ کا سب سے بڑا ہتھیار آپ خود ہیں ،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اکشے اور تاپسی نے خواتین کو خود کی حفاظت کرنے کا نہایت موثر طریقہ بتایا ہے جسے استعمال کرکے خواتین کسی بھی حالات کا مقابلہ بخوبی کرسکتی ہیں۔ Don't just freeze...ACT & REACT coz ur biggest weapon is with YOU! Watch, learn & show your move with #KohniMaar! Kya pata kab kaam aa jaye pic.twitter.com/ugDEtRvouz — Akshay Kumar (@akshaykumar) March 6, 2017 واضح رہے کہ تاپسی پنوں گزشتہ برس خواتین کے حقوق پر بنائے جانے والی فلم "پنک"میں جلوہ گر ہوئی تھیں جس میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا تھا جبکہ ان کی اگلی فلم "نام شبانہ"رواں ماہ 31 مارچ کو ریلیز کی جائے گی ،فلم میں تاپسی ایک انڈر کَور ایجنٹ کا کردار نبھا رہی ہیں جبکہ اکشے کمار بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔