ہم عوامی شخصیت ہیں،عوامی جائیداد نہیں،ودیا بالن
ممبئی:بولی وڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن اپنی نئی فلم "بیگم جان"میں میڈم کا پاور فل کردار ادا کررہی ہیں،آج کل وہ اپنی فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق ودیا فلم کی تشہیر کے سلسلے میں کولکتہ ائیر پورٹ پر "بیگم جان "کے پروڈیوسر اور ہدایت کار سری جیت مکھر جی کے ساتھ موجود تھیں ،کہ ایک مداح نے ودیا کے ساتھ سیلفی لینے کی خواہش کا اظہار کیا ،ودیا خوشی خوشی مان گئیں ،اسی دوران مداح نے ودیا کی اجازت کے بناء ان کے گرد اپنے بازو حائل کرنے کی کوشش کی جس پر ودیا نے انہیں ڈانٹ دیا اور اپنی حد میں رہنے کو کہا ،اسی وقت ان کے مینیجر بھی میدان میں آگئے اور حالات خراب ہونے سے پہلے سنبھالنے کی کوشش کرنے لگے۔ لیکن مداح نے سیلفی لینے کے دوران ایک بار پھر وہی حرکت کی جس پر ودیا سخت غصے میں آگئیں اور اس شخص سے کہا کہ تم کیا کرنے کی کوشش کررہے ہو؟یہ غلط ہےلیکن وہ شخص مسلسل ڈھٹائی سے ان کے ساتھ سیلفی لینے کی فرمائش کرتا رہا جس پر اداکارہ نے اسے صاف انکار کردیا۔ بعد ازاں ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نے اس ناخوشگوار واقع کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ چاہے آپ ایک عورت ہیں یا مرد لیکن جب کوئی اجنبی آپ کے ساتھ غلط کرتا ہے توآپ کو برا لگتا ہےاور آپ بے آرامی محسوس کرتے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو حق نہیں ہمارے ساتھ برا سلوک کرنے کا کیونکہ " ہم عوامی شخصیات ہیں عوامی جائیداد نہیں"۔