شائع 27 مارچ 2017 09:06am

رواں سال بولی وڈ پر پُرانی اداکاراؤں کا راج ہوگا

ممبئی:بولی وڈ میں ان دنوں نئی اور نوجوان اداکاراؤں (عالیہ بھٹ،پرینیتی چوپڑا اور شردھا کپور وغیرہ )کا راج ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ پرانی اداکاراؤں کا دور ختم ہوگیا ،بولی وڈ کی ماضی کی اداکارائیں آج بھی   مداحوں کے دلوں پر راج کرتی ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ لوگوں کو اب بھی ان کی فلموں کا شدت سے انتظار رہتا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ  کے مطابق یہ سال بولی وڈ میں ماضی کی  اداکاراؤں کی واپسی کا سال ہے ،کاجول ،سری دیوی،روینہ ٹنڈن  جیسی بڑی اداکارائیں اس سال اسکرین پر اپنی اداکاری کا جادو چلائیں گی۔

٭کاجول طویل عرصہ بعد  تامل فلم ویلیلاپاٹا دھاری2(بے روزگار گریجویٹ)کے ساتھ دوبارہ فلموں میں قدم رکھ رہی ہیں،اس فلم میں ان کے ساتھ ساؤٹھ انڈیا کے معروف اداکار دھنوش اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے،فلم رواں سال 14 جولائی کو ریلیز ہوگی۔

٭سری دیوی بھی اس سال  "مام"کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گی،فلم میں ان کے ساتھ پاکستان کے دو بڑے آرٹسٹ سجل علی اور عدنان صدیقی اہم کردار میں نظر آئیں گے،یہ فلم بھی 14 جولائی کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

٭سال 2014 میں" مردانی "کے بعد رانی مکھرجی شادی اور بیٹی کی پیدائش کے باعث طویل چھٹیوں پر چلی گئی تھیں لیکن رواں سال  وہ ایک بار پھر فلم"ہچکی"کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گی۔

٭روینہ ٹنڈن کا شمار ماضی کی خوبصورت اور باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے ان کے مداح ہمیشہ انہیں ٹی وی پر دیکھنا چاہتے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ روینہ رواں سال 21 اپریل کو فلم"ماتر"کے ذریعے کم بیک کررہی ہیں۔

٭منیشا کوئرالہ 2012 میں"بھوت ریٹرنز"میں نظر آئی تھیں اور اب 5 سال بعد وہ سنجے دت کی سوانح حیات پر بننے والی فلم میں اداکارہ نرگس کا  پاور فل کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

Read Comments