کراچی :پاکستانی سینسر بورڈ نے بولی وڈ فلم نام شبانہ کو پاکستانی سینما گھروں میں نمائش سے روک دیا ہے، فلم اکتیس مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔
بولی وڈ فلم رئیس اور دنگل پر پابندی کے بعد پاکستانی سینسر بورڈ نے نام شبانہ کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کردیا،سینسر بورڈ کے مطابق فلم میں خاتون تیز و ترار ہیں جو کہ پاکستانی معاشرے میں قابل اعتراض سمجھا جاسکتا ہے۔
تاہم فلم دنگل اور رئیس پر پابندی کے باوجود یہ فلمیں ٹی وی کیبل اور سی ڈیز پر باآسانی دیکھی جاسکتی ہیں۔ ناقدین کے مطابق ان حالات میں فلم کی سینما گھروں میں نمائش کو روکنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
سینسربورڈ حکام کے مطابق فلم پرلگائے گئے اعتراضات پر فلم ڈسٹری بیوٹرزاور سینسر بورڈ کا فل بورڈ کل سرجوڑ کر بیٹھے گا، تاہم ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ یہ بیٹھک صرف انھیں سننے کی حد تک ہی محدود رہنے کا امکان ہے۔
فلم شبانہ جاسوسی،ایکشن اور تھرل پر مبنی فلم ہے،اداکارہ تاپسی پنو فلم میں بھرپور ایکشن کے روپ میں دکھائی دیں گی۔
یہ فلم بے بی کی سیکوئل فلم ہے،فلم کی دیگر کاسٹ میں اکشے کمار،انوپم کھیراورمنوج باجپائی شامل ہیں،فلم اکتیس مارچ کوبھارتی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔