شائع 28 مارچ 2017 09:27am

کپل کے شو میں سنیل گروورکی جگہ کون لینے جارہا ہے؟

کپل اور سنیل کی درمیان ہونے والی لڑائی کا اونٹ تو پتہ نہیں کس کروٹ بیٹھے گا لیکن ان کے شو کے حوالے سے ایک اہم ردوبدل سامنے آمنے آیا ہے۔

ڈی این اے انڈیا میں شائع ہونے والی مڈ ڈے کی رپورٹ کے مطابق کپل شرما کے شو میں سنیل گروور کی جگہ شو کرنے والے  مشہور کامیڈین راجو شری واستوکو اب مستقل طور پر شو کاحصہ بنانے کا سوچا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق راجو شری واستو نے بھی سنیل اور کپل کے درمیان صلح کروانے کی کوشش کی ہے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'کپل اور سنیل کے درمیان صلح کروانے کے لیے بات چیت جاری ہے لیکن چیزیں صحیح ہونے میں ابھی وقت درکار ہے'۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ ان دونوں کے ذاتی معاملے میں دخل اندازی نہیں کرنا چاہتےلیکن کپل کے ساتھ کام کرنے میں ہمیشہ مزہ آتا ہے'۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا سے واپسی پر فلائٹ میں کپل نے سنیل کو برے القابات سے پکارا جس پر دونوں آرٹسٹ کے درمیان دوریاں بڑھتی چلی گئیں اور سنیل نے شو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

سنیل کی جگہ راجو شری واستو، احسن قریشی اور سنیل پال شو کرتے نظر آئےلیکن کپل کی مشکلات یہاں ختم نہیں ہوئیں بلکہ ان کا سنیل کے ساتھ برا رویہ علی اصغر اور چندن پربھارکر کو بھی پسند نہیں آیا اور دونوں آرٹسٹ کی جانب سے شو کا بائیکاٹ کردیا گیا ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کپل اور سنیل کی لڑائی کب تک چلے گی اوران دونوں کے درمیان دوستی پہلے کی طرح ہوپائے گی؟ یا اب کپل کے شو میں سنیل گروور کی جگہ راجو شری واستو نظر آئیں گے؟

Read Comments