کسی بھی سپر ہیرو کی طرح انسانی جگر بھی خود بہ خود بہتر ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ جگر کبھی خراب نہیں ہوسکتا۔
جیسے دیگر انسانی اعضاء کی حفاظت نہیں کی جائےتو خراب ہوجاتے ہیں اسی طرح جگر بھی غیر معیاری چیزوں کے کھانے سے خراب ہوسکتا ہے۔
ایک صحت مند جگر انسانی جسم میں خون کو صاف کرتا ہے، کھانا ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے اور انفیکشن کے خلاف لڑتا ہے۔ جگر کو انسانی اعضاء کا سپر ہیرو اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہ خود ہی پرانے ٹیشوز کو نئے ٹیشوز سے تبدیل کردیتا ہے۔
لیکن جب جگر صحیح طرح کام سرانجام نہیں دے رہا ہوتا تو اس کی علامات انسانی جسم میں ظاہر ہونے لگتی ہیں اور وہ علامات کیا ہوتی ہیں آئیے جانتے ہیں۔
پیلاہٹ
اگر آپ کے آنکھوں میں موجود سفید حصہ پیلا ہوتا جارہا ہے تو یقیناً آپ کا جگر خطرے میں ہے۔خون میں بیلیروبن نامی پیلاہٹ پیدا کرنے والا مادے کی موجود گی سے آنکھیں پیلی ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ اکثر یرقان میں آنکھیں پیلی ہوجاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ہیپاٹائٹس اور کینسر جیسی بیماریوں کے باعث جگر متاثر ہونے لگتا ہے۔
خارش
جسم میں خارش ہونا کئی بیماریوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ جن میں گردوں ، تھائی رائیڈ اور کینسر جیسی بیماریاں شامل ہیں۔ جب جگر صحیح طرح کام نہیں کررہا ہوتا اس سے بھی جسم کے مختلف حصوں میں خارش ہونے لگتی ہے۔
زخم
جن افراد کا جگر ٹھیک طرح کام نہیں کررہا ہوتا تو ان کے جسم میں زخم بننے لگتے ہیں اور ان میں سے خون بھی بہنے لگتا ہے جس کی بڑی وجہ ہے کہ جگر پروٹین بنانا چھوڑ دیتا ہے جوکہ بلڈ کلاٹنگ کےلیے بے حد ضروری ہوتا ہے۔
سوجن
جب جگر ٹھیک طرح کام نہیں کرپاتا تو اس میں موجود پانی پیٹ اور ٹانگوں میں جانے لگتا ہے جس سے جسم کے مختلف حصوں میں سوجن ہونے لگتی ہے۔
کوئی علامت نہیں
اکثر جب جگر خراب ہونے لگتا ہے تو اس کی کوئی علامت جسم پر نمودار نہیں ہوتی البتہ سستی، کاہلی، تھکن اور اکثر اوقات خارش ہوجاناجیسی شکایات ہوسکتی ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون محض عام معلومات کے لیے ہے، اس پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کرلیں۔