شائع 03 اپريل 2017 10:31am

فلم' مام' کا  ٹیزر منظرعام پر سجل علی  لوگوں کی توجہ کا مرکزبن گئیں

ممبئی:طویل انتظارکے بعدبولی وڈ کی معروف اداکارہ سری دیوی کی نئی فلم'مام'کا پہلا ٹیزر منظر عام پر آگیا ہے،جس کا انتظار نہ صرف پاکستانی عوام کو بلکہ بھارت کو بھی بے صبری سے تھا۔

کیونکہ اس فلم میں پہلی بارپاکستان کے دو بہترین  اداکار سجل علی اور عدنان صدیقی اپنی صلاحیتوں کا جادو جگا رہے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق  فلم کےٹیزرکو یو ٹیوب پر ریلیز ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر  1.2ملین لوگ دیکھ چکے ہیں ،جبکہ 10،499لوگ  پسندیدگی اور 900 لوگ  اپنی رائے کا اظہار کرچکے ہیں  جن میں زیادہ تعداد پاکستانی ناظرین کی ہے۔

ایک منٹ کے ٹیزرمیں سری دیوی اپنی کھوئی ہوئی 18 سالہ بیٹی کو تلاش کرتی نظر آرہی ہیں ،جبکہ ویڈیو میں نوازالدین صدیقی مختلف روپ میں کسی چیز سےدورجاتے ہوئے نظر آرہے ہیں،اب وہ سری دیوی سے دور جارہے ہیں  یا پکڑے جانے کے خوف سے یہ تو فلم دیکھ کر ہی پتہ چلے گا۔

ویڈیو میں پاکستانی اداکاروں (سجل علی اور عدنان صدیقی)کی بھرپور موجود گی نظر آرہی ہے،سجل علی فلم میں سری دیوی کی بیٹی کا کردار نبھا رہی ہیں اور عدنان صدیقی بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔

اس کے علاوہ   معروف اداکار اکشے کھنا  کی بھی جھلک بھی دکھائی  گئی ہے  جو طویل عرصے بعد بولی وڈ میں اس فلم کے ذریعے ایک بار پھر جلوہ گر ہوں گے،فلم رواں سال 14 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

واضح رہے کہ سری دیوی اس سے قبل 2012 میں'انگلش ونگلش'میں نظر آئی تھیں فلم باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔

Read Comments