ممبئی کی وہ گلیاں جہاں 'بولی وڈ'بستا ہے
بھارت کی دنیا بھر میں وجہ شہرت' بولی وڈ' ہے ،وہاں کے لوگوں کیلئے فلمیں اتنی ہی ضروری ہیں جتنے کہ روز مرہ کے کام ،اگر یہ کہا جائے کہ بھارت کے شہر ممبئی کے علاقے باندرہ کی کچھ گلیاں ایسی ہیں جہاں دیواروں پر بولی وڈ بستا ہے تو غلط نہ ہوگا۔ بچپن ہی سے فلمی تصاویر بنانے کا شوق رکھنے والے رنجیت نے 2013 میں ہندی سینما کے 100سال مکمل ہونے کا جشن منانے کیلئے اپنے علاقے کی کئی دیواروں پر بڑی بڑی فلمی تصاویر بنائیں۔ انہوں نے ایک خاتون کے گھر کے باہر مدھوبالا کی بڑی سی تصویر بنائی ہے جسے دیکھنے کیلئے لوگ صبح صبح آجاتے ہیں جبکہ کئی بار غیر ملکی بھی مدھوبالا کے ساتھ تصاویر بنوانے کیلئے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ جبکہ ایک دیوار پر بنائی گئی بھارتی فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار راجیش کھنا کی تصویر لوگوں کو بہت پسند ہے،رنجیت نے یہ تصویر راجیش کھنا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بنائی ہے۔ رنجیت نے اپنے فنی سفر کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تصویر بنانے سے زیادہ مشکل کام لوگوں کو تصویر بنانے کیلئے منانا ہے،انہوں نے کہا کہ دس میں آٹھ بار انہیں 'نہ'سننا پڑتا ہے لیکن وہ بھی ضد میں آجاتے ہیں۔