عامر خان نے فلم 'دنگل'کو پاکستان میں ریلیز کرنے سے انکار کردیا
ممبئی:گزشتہ سال پاکستانی سینما مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی کیونکہ کشمیر میں اڑی کیمپ پر ہونے والے حملے کے باعث انتہا پسند ہندوؤں نے بھارت میں موجود پاکستانی فنکاروں کو فوراً ان کا ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ لیکن اس سال یہ پابندی اٹھا لی گئی اور بہت سی بھارتی فلمیں نمائش کیلئے پیش کی گئیں ،اسی سلسلے میں بھارت سمیت دنیا بھر میں کامیاب ہونے والی فلم 'دنگل' کی بھی پاکستان میں نمائش کی اجازت دی گئی تاہم پاکستانی سنسر بورڈ نے فلم کے دو سینز کو ایڈٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن عامر خان نے یہ مطالبہ ماننے سےا نکار کردیا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستانی سنسر بورڈ نے فلم کے اختتامی مناظر جس میں بھارتی ترنگے کا دکھایا جانا اور گیتا پھوگٹ کے گولڈ میڈل جیتنے پر بھارتی ترانہ بجانے کے سینز کو کٹ کرنے کا کہاتھا۔ لیکن فلم کے بیک وقت ہیرو اور پروڈیوسر عامر خان نے یہ مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کردیا،انہوں نے کہا کہ "ان کیلئے یہ مطالبات کافی حیران کن ہیں"۔ عامر نے فلم کو پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،واضح رہے کہ فلم 'دنگل' بھارتی باکس آفس پر 385 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تھی، اور پاکستان میں ریلیز نہ ہونے سے فلم کو 12-10 کروڑ کا نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا نے اس حوالے سے عامر خان کی رائے جاننے کیلئے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ فی الحال کسی کے سوالوں کے جواب دینے کے موڈ میں نہیں ہیں ،لیکن ان کے ترجمان نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کسی بھی طرح کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔