اپ ڈیٹ 01 جون 2017 06:39am

شدید تنقید کا نشانہ بننے والے پاکستانی اداکار

پاکستان میں بہت سے ایسے اداکار ہیں جنہیں ہم سب بہت پیار کرتے ہیں ،ان کی اداکاری،اسٹائل سب کچھ ہمیں بہت پسند ہوتا ہے لیکن کچھ مشہور فنکار ایسے بھی ہیں جنہیں پسند کرنے کے باوجود ناپسندکیا جاتا ہے۔

آج ہم آپ کو چند ایسے مشہور لوگوں کے بارے میں بتائیں گے جن کے لئے لوگ پیار اور نفرت کا جذبہ ایک ساتھ رکھتے ہیں،یعنی انہیں دیکھنا بھی پسند کرتے ہیں اور دیکھتے ہوئے تنقید بھی کرتے ہیں۔

میرا

میرا پاکستان فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ہیں اور ہمیشہ کسی نہ کسی حوالے سے خبروں میں چھائی رہتی ہیں،اگر ہم یہ کہیں کہ انہیں خبروں میں رہنے کا ہنر آتا ہے تو غلط نہیں ہوگا۔میرا کو لوگ ایک ہی وقت میں پسند بھی کرتے ہیں اورناپسند بھی۔

میرا کی جو بات لوگوں کو سب سے زیادہ پریشان کرتی ہے وہ ہے ان کی انگلش ،میرا بہت مزے سے سب کے سامنے ٹوٹی پھوٹی انگلش میں بات کرتی ہیں اور انہیں اس پر کوئی پشیمانی بھی نہیں ہوتی اور ان کی یہ ہی بات لوگوں کو غصہ دلاتی ہے کہ جب انہیں انگلش بولنی آتی ہی نہیں تو بولتی کیوں ہیں۔

عامر لیاقت

عامر لیاقت پاکستان کا ایک بہت بڑا نام ہیں،انہیں نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ممالک میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے
عامر لیاقت پاکستان کی ایسی ہستی ہیں جنہیں لوگ بہت زیادہ محبت کرتے ہیں لیکن بہت سارے لوگ انہیں ناپسند بھی کرتے ہیں۔عامر لیاقت مذہبی اسکالر ہونے ساتھ مختلف نجی چینلز سے رمضان ٹرانسمیشن کے نام سے پروگرام بھی کرتے ہیں،

لوگ ان پروگرامز میں شریک بھی ہونا چاہتے ہیں اور پروگرام پر تنقید بھی کرتے ہیں لیکن دیکھتے ضرور ہیں۔عامر لیاقت کو ناپسند کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ لوگوں کی عزت نہیں کرتے ،وہ بہت زیادہ بے باک ہیں اور کسی کو کچھ بھی کہنے سے پہلے سوچتے نہیں۔عامر لیاقت کو پسند کرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے جبکہ مردزیادہ تر ان پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔

ساحر لودھی

ساحر لودھی بھی ہماری اس فہرست میں شامل ہیںانہیں لوگ بہت زیادہ پسند کرنے کے باوجود ناپسند کرتے ہیں،ساحر لوگوں میں بے حد مشہور ہیں اور وہ بہت کوشش کرتے ہیں کہ لوگ ان سے خوش رہیں لیکن ان کی شخصیت میں کچھ ایسا ہے کہ لوگ ان کی کوششوں کو نظر انداز کردیتے ہیں۔

شائستہ لودھی

شائستہ لودھی پاکستان کی مشہور میزبان اور ماڈل ہیں انہیں خواتین میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے لیکن پسند کرنے کے ساتھ ان پر بہت تنقید بھی کی جاتی ہے ،شائستہ کے کیرئیر کا اختتام اس وقت ہوا جب انہیں نجی چینل سے کئے جانے والے شو کے حوالے سے سخت تنقید کا نشانہ بنا یا گیا ۔

متیرا

متیرا پاکستان کی مشہور ماڈل ہونے کے ساتھ کافی متنازعہ شخصیت بھی ہیں ،لوگ ان پر تنقید بھی کرتے ہیں او ر انہیں نوٹس بھی کرتے ہیں۔

علی سلیم عرف بیگم نوازش علی

علی سلیم پاکستان کی مشہور اور متنازعہ شخصیت میں سے ایک ہیں ،انہیں شہرت نجی چینل سے کئے جانے والے پروگرام کی میزبانی سے ملی ،اس پروگرام میں وہ خواتین کا لباس زیب تن کرکے شوبز کی دنیا کی مشہور شخصیات کو مدعو کرکے ان کا انٹرویو کرتے تھے۔
لوگوں میں یہ پروگرام بے حد مقبول تھا لیکن اسے ناپسند کرنے والے اور ان پر تنقید کرنے والوں کی بھی کمی نہیں تھی۔

وینا ملک

ہماری اس لسٹ میں اسکینڈل کوئین وینا ملک بھی شامل ہیں ،وینا ملک پاکستان کی مشہور اداکارہ ہیں لیکن انہیں شہرت بھارتی فلموں میں کام کرنے اور بھارت میں ماڈلنگ کرنے سے ملی،اگر ہم اس شہرت کو متنازعہ کہیں تو غلط نہ ہوگا کیونکہ لوگوں کا خیال ہے کہ انہوں نے بھارت جاکر جس طرح کا کام کیا ہے اس سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہوئی ہے۔

مایا خان

مشہور میز بان مایا خان بھی ہماری اس فہرست میں شامل ہیں ،مایا کو تنقید کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب انہوں نے لوگوں کی نجی زندگی میں دخل دینا شروع کردیا،ان کے اس عمل نے انہیں پروگرام سے بھی نکال دیا گیا جس پر انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگی۔

Read Comments