کشمیریوں کو حق استصواب رائے دلانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے،وزیرخارجہ
فائل فوٹواسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے اقوام عالم کا اپنا وعدہ پھر یاد دلا تے ہوئے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ 71 سال ہونے کو ہیں مگر کشمیریوں کے ساتھ کیے وعدے وفا نہیں ہو سکے،کشمیریوں کو حق استصواب رائے دلانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔
یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے ایک بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انداز میں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دینے کی قرارداد کی حمایت کی تھی،یہ وہ حق ہے جو دیگر تمام بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کا سرچشمہ ہے مگر افسوس 71 سال گزر جانے کے باوجود کشمیریوں کو ان کا حق نہیں مل سکا، کشمیریوں کو بدترین مصائب، ظلم اور ناقابل بیان جبر کا سامنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 7دہائیاں گزرنے کے باوجوو ہر روز کشمیریوں کی بنیادی انسانی عزت و وقارپامال ہورہی ہے، کشمیریوں کے ساتھ ان کے استصواب رائے کا حق دلانے کا وعدہ پورا کرنا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے،5 اگست سے مقبوضہ وادی میں بھارت کا جبر بلا روک ٹوک جاری ہے، کشمیریوں کے لاک ڈاون اور محاصرے کو 154 دن ہوچکے ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کی حمایت کرنا ہوگی اور بھارت پر زور دینا ہوگا کہ اقوام متحدہ کے حقائق کی چھان بین کے لیے مشن کو اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر جانے کی اجازت دے تاکہ وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالیوں کا وہ خود جائزہ لے سکے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو ان کا حق ملنے تک پاکستان ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت بھرپور انداز سے جاری رکھے گا۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔