کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی پر تھپڑوں کی بارش

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے حامیوں کے کندھوں پر سوار ہو کر احتجاجی مقام پر پہنچ رہے تھے۔
شائع 15 جون 2026 06:49pm

بھارت کے شہر جے پور میں ایک احتجاج کے دوران کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے پر کچھ افراد نے تھپڑوں کی بارش کردی ہے، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے حامیوں کے کندھوں پر سوار ہو کر احتجاجی مقام پر پہنچ رہے تھے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹس کے مطابق واقعہ پیر کو بھارتی شہر جے پور کے شہید اسمارک پر پیش آیا، جہاں بڑی تعداد میں نوجوان مختلف مسائل، خصوصاً نیٹ پیپر لیک اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کے لیے جمع تھے۔

احتجاج کے دوران ابھیجیت دیپکے نے بھی خطاب کیا اور نیٹ پیپر لیک کے معاملے پر بات کی۔ اسی دوران مبینہ طور پر ان کے ساتھ ہاتھا پائی اور تھپڑ مارنے کا واقعہ پیش آیا۔

ابھیجیت دیپکے نے واقعے کے بعد کہا کہ انہیں داخل ہوتے وقت تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق کوئی بھی حملہ ہو، وہ خاموش نہیں ہوں گے اور نہ ہی تشدد کا جواب تشدد سے دیں گے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ لوگ سوال اٹھانے والوں کو مختلف القابات دیتے ہیں، تاہم وہ اور ان کے حامی اپنے مطالبات کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

احتجاجی اجتماع کے دوران کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی نے مختلف مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام اور پیپر لیک جیسے معاملات پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

پولیس یا انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔