کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بیرون ممالک سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے کمیٹی کے ملک اور بیرون ممالک بیٹھے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کارکنوں اور سہولت کاروں کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمیٹی سے منسلک افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جارہے ہیں جب کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت کی جائیدادیں اور اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہے۔
قومی سلامتی کے تناظر میں کالعدم تنظیم کے خلاف اہم فیصلے کیے گئے ہیں، کالعدم تنظیم کی مالی معاونت و اثاثوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، کالعدم تنظیم کے رہنماؤں کی جائیدادیں سیل کی جائیں گی، سوشل میڈیا پر اداروں ککے خلاف من گھڑت پروپیگنڈا مہم چلانے والوں پر این سی سی آئی کارروائی کرے گا۔
کالعدم انتشاری کمیٹی کا بے بنیاد پروپیگنڈا مکمل مسترد
دوسری جانب کالعدم انتشاری کمیٹی احتجاج کو چھوڑنے والے شہریوں کو ڈرانے اور دھمکانے لگی، آزاد جموں و کشمیر پولیس نے کالعدم کمیٹی کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو مکمل مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام انتشاری کمیٹی کی شرپسندی کو مسترد کرکے واپس جارہے ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی آزاد جموں و کشمیر پولیس نے احتجاج چھوڑ کر واپس جانے والوں کے لیے سفری سہولت فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی معصوم لوگوں کو ورغلا اور لالچ دے کر راولا کوٹ لائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع کے افراد شرپسند کمیٹی کے رہنماوں کے مجرمانہ کرداراور شرپسندی کے باعث احتجاج چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہیں، واپس جانے والے افراد کو انتشاری کمیٹی سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعے دھمکیاں دی رہی ہے۔
انتشاری کمیٹی کے مسلح شرپسندوں کی پولیس بکتر بند پر فائرنگ
ادھر کالعدم انتشاری جوائنٹ ایکشن کمیٹی، مسلح جتھوں کے ذریعے آزاد جموں وکشمیرکے امن و امان کو تباہ کرنے کے درپہ ہے، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح شرپسندوں نے راولاکوٹ عید گاہ کے مقام پر فلیگ مارچ کرنے والی پولیس بکتر بند پر مختلف ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی۔
کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نے 30 سے زائد گولیاں برسائیں، جس سے پولیس کی بکتر بند کونقصان پہنچا۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق انتشاری کمیٹی کی جانب سے کچھ مسلح جتھے ایک ہزار سے ایک ہزار پانچ سو روپے دیہاڑی پر لائے گئے ہیں۔عوامی حقوق کی آڑ میں مسلح کارروائیاں اور جتھوں کی جانب سے جلاؤگھیراو ہی اس انتشاری کمیٹی کا اصل چہرہ ہے۔
جماعت اسلامی کی حکومت اور ایکشن کمیٹی میں ثالثی کی پیشکش
اس کے علاوہ جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی میں ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، تشدد سے حکومتی رٹ قائم کرنا مسئلے کا حل نہیں، حکومت اور آزاد کشمیر کی قییادت سے رابطہ کروں گا تاکہ مسئلے کا حل نکالا جاسکے۔















