پنجاب بھر میں دھند، حد نگاہ کم ہونے پر موٹر وے بند ،ٹرینوں کا شیڈول متاثر

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2020 09:07am
فائل فوٹو

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشیں ختم ہوئیں تو سرد موسم کے ساتھ دھند چھا گئی، حد نگاہ کم ہونے سے ٹر یفک کی روانی سست روی کا شکار ہے، دھند کے باعث موٹروے کو بند کرنا پڑا، ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہوگیا۔ 

 بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی کے ساتھ شدید دھند ایک بار پھر شروع ہوگئی۔

 لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے،ٹھنڈی ہوائیں بھی جاری ہیں اور ایسے میں دن کے وقت سورج کی تیز شعاعوں کو بھی شہری بھرپور انجوائے کررہے ہیں۔

سرد موسم سے جہاں کچھ شہری لطف اندوز ہورہے ہیں وہیں بیشتر سورج کے بھی منتظر ہیں،دھند کے باعث رات کو بند کی گئی موٹروے کو حد نگاہ بہتر ہونے پر کھول دیا گیاجبکہ ٹرینوں کا شیڈول بھی دھند کی وجہ سے شدید متاثر ہے۔

حافظ آباد، سیالکوٹ، جڑانوالہ اور گوجرانوالہ سمیت دیگر اضلاع بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے دھند اور سردی بڑھنے کے ساتھ بارش کے نئے اسپیل کی بھی پیش گوئی کی ہے۔