عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی جبر سے نجات دلائے،وزیر خارجہ 

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2020 11:30am
فائل فوٹو

نیویارک:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں، عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی جبر سے نجات دلائے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگویترس سے ملاقات کی۔

ملاقات میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی موجود تھے۔

فائل فوٹو

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ نے مشرق وسطیٰ کی کشیدگی میں کمی کے لیےپاکستان کے کردار اور دورہ ایران اورسعودی عرب سے بھی یو این سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم علاقائی اورعالمی موضوعات پرمفصل گفتگو بھی ہوئی۔

سیکرٹری جنرل یواین نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتشویش کا اظہار کیا اور قیام امن کے لیے پاکستان کےکردارکی تعریف کی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کے بعد نیو یارک میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور غربت کےخاتمےپراقوام متحدہ کاکرداراہم ہے۔

شاہ محمود قریشی نے انتونیو گویترس پر واضح کیا کہ 5 اگست سے 80 لاکھ کشمیری بھارتی کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بھارتی خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں، عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی جبرسےنجات دلانےکے لیےکردارادا کرے۔

وزیرخارجہ نے مزیدکہا کہ کمیونیکیشن بلیک آؤٹ سےحقائق کودنیاسےچھپایاجارہاہے، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔

ایران ،امریکا کشیدگی کے حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے پالیسی واضح کی اور کہا کہ مشرق وسطیٰ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔