اپوزیشن نے فوج کے معاملے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، فواد چوہدری

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2020 10:52am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے فوج کے معاملے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، اپوزیشن اور اداروں کو ساتھ لےکر چلنا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرفواد چوہدری نے کہاکہ سروسز ایکٹ پر اپوزیشن نے مثبت اور سمجھداری کا کردارادا کیا،فوج پر ہمارا کوئی خصوصی حق نہیں ہے،فوج صرف پی ٹی آئی کی نہیں سب کی ہے ، اپوزیشن کے ساتھ معاملہ بگاڑ کر چلنے کے حالات نہیں ، ملک میں استحکام چاہیئے ،اپوزیشن اور اداروں کو ساتھ لے کر چلناہے۔

ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ سنا ہے خواجہ آصف بڑے وزیراعظم بننا چاہتے ہیں وہ شہباز شریف کے ساتھ وزارت عظمیٰ کی عہدے کے لیے ٹاس کرلیں لیکن شہبازشریف نے 12 ٹوپیاں خرید لی ہیں،لگتا ہے اب شہباز شریف وطن واپس نہیں آئیں گے۔

 فیصل واوڈا کے خلاف کارروائی کے سوال پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہوجاتا ہے اتنا بھی کیا کچھ دنوں میں معاملہ ختم ہو جائے گا۔